4

پاکستان شاہینز نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے کو شکست دیکر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان شاہینز نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے کو شکست دیکر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

دوحا میں رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی میں بنگلا دیش اے کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ علی رضا نے 15 رنز پر بنگلا دیش کے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔

شہادت حسین نے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بنگلا دیش کا مجموعہ مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 232 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کے سفیان مقیم نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، علی رضا اور حسن نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی ابتدائی دو وکٹیں بھی 21 رنز پر گر گئیں۔

حسن نواز اور شاہ زیب خان نے تیسری وکٹ پر 110 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستانی اننگز کو سنبھالا۔ حسن نواز 62 اور شاہ زیب خان 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے پانچویں وکٹ پر 74 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کی۔

عبدالصمد نے 4 چھکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 44 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف 46 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان شاہینز نے 28 گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ فائنل میں اتوار کو پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں