1

پاکستانی فائٹر محمد جواد کا عالمی سطح پر بڑا کارنامہ،مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

(24 نیوز) پاکستان کے باصلاحیت نوجوان فائٹر محمد جواد نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) اینڈ پینکریشن چیمپئن شپ میں محمد جواد نے انڈر 15 کیٹیگری میں طلائی تمغہ (گولڈ میڈل) اپنے نام کر لیا ہے۔

چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی فائٹر نے غیر معمولی مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے مضبوط حریفوں کو یکے بعد دیگرے شکست دی اور انڈر 15 پینکریشن کیٹیگری کا تاج اپنے سر سجایا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محمد جواد رواں برس انڈر 16 ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں، اور اب عالمی چیمپئن بن کر انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔

باکو میں جاری اس میگا ایونٹ میں دنیا بھر کے تقریباً 35 ممالک سے ایک ہزار کے قریب کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں، جہاں مختلف کیٹیگریز میں پاکستان کے تین فائٹرز سبز ہلالی پرچم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کو اس تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان فائٹر کی یہ شاندار کامیابی پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے روشن اور تابناک مستقبل کی واضح علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی کے شہریوں کیلئے بڑا ریلیف، ٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید کمی کا اعلان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں