
(24 ںیوز ) پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث متحدہ عرب امارات میں جاری انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی 20) کے بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کے کپتان اور قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے اس خبر کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
ایم آئی ایمریٹس کے خلاف لیگ مرحلے کے اہم میچ میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے بتایا کہ نسیم شاہ مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ اب اس ٹورنامنٹ میں مزید ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے، جو یقیناً ہماری ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
یاد رہے کہ 23 سالہ فاسٹ بولر کو یہ انجری پیر کے روز شارجہ واریئرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آئی تھی، جس میں وائپرز نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
شارجہ کی اننگز کے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر نسیم نے ایک تیز رفتار یارکر کے ذریعے پال والٹر کو کلین بولڈ کیا، تاہم فالو تھرو میں اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکنے کے باعث وہ توازن کھو کر آگے کی جانب گر پڑے۔
اس واقعے کے بعد اسٹریٹجک ٹائم آؤٹ کے دوران میدان میں ہی طبی عملے نے نسیم شاہ کو ابتدائی طبی امداد دی اور ان کے بائیں گھٹنے پر پٹی باندھی، لیکن وقفے کے بعد بھی شدید تکلیف برقرار رہنے پر وہ لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
اس چوٹ کے باعث نسیم شاہ دبئی کیپیٹلز کے خلاف کھیلے گئے ٹیم کے تیسرے میچ میں بھی شریک نہیں ہو سکے تھے اور اب وہ پورے ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
رواں سیزن میں نسیم شاہ نے ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے صرف دو میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 18.33 کی متاثر کن اوسط اور 8.04 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں :بنگلہ دیش کے تجربہ کار بیٹر مشفیق الرحیم کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان






