3

افغان شہریوں کیلئے جعلی دستاویزات کا نیٹ ورک بے نقابنادرا افسران سمیت 4 گرفتار

(24نیوز)قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے لیے غیر قانونی طور پر جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی سے گرفتار  ہونے والےملزمان میں انعام الحق (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، فیاض احمد (ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، جنید احمد (چوکیدار، نادرا) اور محمد عمر شاہ (پرائیویٹ ایجنٹ) شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے، ابتدائی شواہد سے اس نیٹ ورک کے دہشت گرد عناصر سے روابط کی نشاندہی ہوئی ہے، جس پر مزید گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں۔

کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں  جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ تمام سہولت کاروں اور مرکزی کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی جہازوں کیخلاف  کارروائی  قومی سلامتی کیلئے خطرہ تصور ہو گا: دفتر خارجہ کی حوثی باغیوں کی دھمکیوں کی مذمت

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی، دہشت گردی کی معاونت، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور ایسے منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

— 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں