وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری جہاز کے استعمال پر تنقیدکا جواب دیتےہوئےکہا ہےکہ آج ان پر بیٹی کی گریجویشن میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقیدکی جارہی ہے لیکن جہاز کے سارے اخراجات انہوں نے خود ادا کیے، وہ عوام کو جوابدہ ہیں کسی یوٹیوبر کو نہیں۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بڑی تنقید ہو رہی ہےکہ مریم نواز نے سرکاری طیارہ بک کرایا، سوچا جہاز پرتنقید ہو رہی ہے تو میں چنگچی پر بیٹھ کر ملتان چلی جاتی ہوں، وہ جہاز مریم نواز کا نہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، چاروں وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز ہیں، صرف مجھ پرتنقید ہورہی ہے، بیٹی کی گریجویشن میں سرکاری جہاز میں جانے پر تنقید کی جارہی ہے لیکن آپ کو بتا دوں اس کے سارے اخراجات پونے3 کروڑ روپے خود ادا کیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تنقید اس لیے ہو رہی ہےکہ میں کام کرتی ہوں، مریم نواز پرتنقید کرکے ان کو ڈالر ملتے ہیں، مجھ پر تنقید کرنے والے تم کون ہوتے ہو، میں وزیراعلیٰ بننے سے پہلےکمرشل فلائیٹ پر باہر جاتی تھی، عوام کی خوشحالی کے لیے طیارے پر مجھے جہاں جانا پڑا جاؤں گی، میں طیارے میں بھی ہوں تو میرا دفتر چلتا ہے،میں آپ کی تنقید کا جواب نہیں دوں گی، آپ تنقید کرتے رہو مجھے فرق نہیں پڑتا۔پنجاب کے ترقیاتی کاموں پر بہت تنقید ہوتی ہے، اس ترقی کو دیکھ کر جو آئینہ دکھایا جارہا ہے تنقید اس پر ہورہی ہے، پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا ، اپنے حق سے دوسرے صوبوں کو دیا۔
4






