3

ہمیں ملک بھر کی سطح پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں دس لاکھ ماہرین تیار کرنے ہوں گے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ ، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں ملک بھر کی سطح پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں دس لاکھ ماہرین تیار کرنے ہوں گے۔ اس عظیم خواب کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے تمام پبلک سیکٹر کی جامعات کے وائس چانسلرز کو کلیدی اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی پوری ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں تاہم وویمن یونیورسٹی کو پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹیز میں لانے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے تحت سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے کیمپسز خضدار، پشین اور نوشکی کے ان تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرائز کیا جائیگا جنہیں بھرتی کے تمام قانونی تقاضے اور مقررہ ضوابط مکمل کرنے کے بعد کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا تھا اور جو تاحال اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ریگولرائزیشن کے عمل سے قبل ملازمین کے دستاویزات اور دیگر مطلوبہ کوائف کی مکمل تصدیق کیلئے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کے سولہویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عامر رانا، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سینیئر عہدیدار ڈاکٹر نور آمنہ ملک، قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن نورین بانو لہڑی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی سمیت سینیٹ ممبران موجود ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وویمن یونیورسٹی کے سولہویں سینیٹ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام امور و معاملات میں میرٹ کی پاسداری پر صورت میں یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وویمن یونیورسٹی کی رینکنگ اینڈ اسکورنگ میں مسلسل اضافہ ہونا خوش آئند ہے۔ گورنر مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری تعلیم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈرن اسکلز ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس معاشرے کی معاشی و معاشرتی تعمیر و ترقی میں بامعنی شراکت کے قابل بن سکیں۔سردار بہادرخان وویمن یونیورسٹی کے سولہویں سینیٹ اجلاس کے شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں