
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے تینوں بڑے سپر اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان دارالحکومت نئی دہلی میں جاری طلبا احتجاج پر خاموش رہنے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ناقدین کا کہنا ہے کہ ملک کی بااثر ترین شخصیات میں شمار ہونے کے باوجود تینوں خانز نے نہ صرف موجودہ طلبا احتجاج بلکہ کسان تحریک، شہریت ترمیمی قانون (CAA)، #MeToo مہم اور دیگر اہم قومی معاملات پر بھی کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا، جس سے ان کی خاموشی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اس معاملے نے بھارتی میڈیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا بالی ووڈ اب سیاسی اور سماجی معاملات پر پہلے سے زیادہ کھل کر اظہارِ رائے کر رہا ہے، یا فلمی صنعت اب بھی چند آوازوں کے احتجاج اور بڑے سپر اسٹارز کی خاموشی کے درمیان تقسیم کا شکار ہے۔
یاد رہے کہ نئی دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) اور مختلف طلبہ تنظیموں کی جانب سے نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (NEET) میں مبینہ بے ضابطگیوں، تعلیمی اصلاحات اور وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
مظاہروں کے دوران معروف سماجی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال بھی جاری رہی، جبکہ پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
دوسری جانب اپوزیشن رہنما راہول گاندھی بھی احتجاج میں شریک ہوئے، جنہیں پولیس نے مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا، جس کے بعد اس معاملے نے مزید سیاسی اہمیت اختیار کر لی۔






