
(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں الیکشن کیمپہین کے دوران پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے کلینک آن ویلز پروگرام کی 15 گاڑیاں دواؤں اور طبی سٹاف کے ساتھ آزاد کشمیر روانہ کر دیں۔
پنجاب کی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خود ان گاڑیوں کو آزاد کشمیر روانہ کیا۔ عمران نذیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 15 “کلینک آن ویلز” آزاد کشمیر روانہ کر دی گئیں۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں طبی سہولیات پنجاب کی حدود سے باہر بھی دیگر علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں، مریم نواز صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ کشمیر اور پورے پاکستان کی لیڈر ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نے آزاد کشمیر کے عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے صحت کی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا اور کلینک آن ویلز منصوبہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کلینک آن ویلز پروگرام کی گاڑیاں بعض ضروری طبی آلات سے آراستہ ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ ڈاکٹر اور ٹیکنیشن متعین ہوتے ہیں۔ پنجاب کے جو دیہات ہسپتالوں سے دوری پر واقع ہیں وہاں ضرورت کے وقت طبی سہولتین مہیا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت نے کلینک آن ویلز پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ یہ گاڑیاں دیہات منین جا کر ڈسپنسری کی طرح مریضوں کو دوا دینے کے ساتھ ہسپتال کی طرح ان کے ضروری لیب ٹیسٹ کرنے کے لئے سیمپل بھی کولیکٹ کر لیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حنا پرویز بٹ کی ٹک ٹاکرز اور وی لاگرز پر تنقید






