(24نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی کمپنی فیمسنFAMSUN کے چیف ایگزیکٹو افسر جیک چین Jack Chen کی قیادت میں وفد نے پرائم منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم نے چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں اجناس کے سٹوریج کے مراکز کو سٹیٹ آف آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور چین مثالی دوست ہیں، جن کے درمیان معاشی شراکت داری اور دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس شراکت داری سے یہ دوستی مزید مستحکم ہو گی۔ اس منصوبے سے ملک میں زراعت کے سیکٹر میں جدید ترین ٹیکنالوجی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیک چین سے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کی ہنر مندی اور تربیت کو ان منصوبوں کا حصہ بنایا جائے۔ جیک چین نے پاکستان میں اچھی میزبانی کئے جانے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
فیمسن کے چیف ایگزیکٹو جیک چین نے وزیراعظم سے انکے حالیہ دورہء چین کے دوران اپنی ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا، جس کے نتیجے میں وہ پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور غذائی تحفظ کے حوالے سے قابل عمل منصوبے پر بات چیت کی جارہی ہے۔

جیک چین نے کہا کہ فیمسن پاکستان میں غذائی تحفظ کے حوالے سے بہتر سٹوریج مراکز، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا کہ فیمسن پاکستان میں گرین سائلوز کے قیام کے حوالےسے ڈیمانسٹریشن سینٹر قائم کرے گی ۔ سٹوریج سینٹرز کو جدید گرین سائلوز میں بدلا جائے گا ۔ فیمسن اور گرین پاکستان انیشئیٹو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں ۔
فیمسن زراعت، جانوروں کی خوراک اور فوڈ پراسیسنگ کے حوالے سے چین کی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے
ملاقات میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیئے: آئندہ 10 روز تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان
۔
__






