16

سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

(احتشام کیانی)سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کی سفری پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔
 اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست پر سماعت کی، عدالتی ہدایت پر درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کوئٹہ پولیس کا خط پڑھا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ متعلقہ پولیس کہہ رہی ہے بندہ نہیں چاہیے، ایف آئی اے کو بھی مطلوب نہیں،انہوں نے استفسارکیاکہ جن کو چاہیے تھا ان کو بھی اب نہیں چاہیے، پھر ابھی تک نام کیوں نہیں نکالا؟
ایف آئی اے حکام نے عدالت کوبتایاکہ ای سی ایل میں نام نہیں، صرف پی این آئی لسٹ میں نام ہے جو 28 مارچ کو ڈالا گیا، عدالت نے استفسارکیاکہ اس لسٹ میں نام کتنے دن کیلئے ہوتا ہے اور کب مکمل ہوا؟ ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ ایک ماہ کیلئے ہوتا ہے اور پھر ایک ماہ کی توسیع لینا ہوتی ہے، عدالت نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ 60 روز رکھ سکتے ہیں تو اب جولائی ہے، کتنے ماہ ہو گئے ہیں جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ پانچ ماہ ہو گئے، ابھی تک ہمیں آفیشلی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان سمیت 60 ممالک پر نئے ٹیرف عائد کر دیئے
عدالت نے ایف آئی اے افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اتنا وقت کیسے آپ رکھ سکتے ہیں کس قانون کے تحت ابھی تک رکھا ہوا ہے؟ ایسے کتنے ہی کیسز ہمارے پاس آ رہے ہیں، کتنی بار لکھ بھی چکے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے،اس کے بعد عدالت نے سردار یار محمد رند کی سفری پابندی لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں