
(روزینہ علی)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے سندھ طاس معاہدے پر بیان میں کہا ہے کہ دریائے سندھ پاکستان کی زندگی، معیشت اور تہذیب کی علامت ہے، پاکستان ایک Lower Riparian State کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے تحت اپنے جائز آبی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، پانی کسی ملک کیلئے سیاسی ہتھیار نہیں، بلکہ کروڑوں انسانوں کی زندگی، زراعت اور مستقبل کا معاملہ ہے۔
ترجمان کاکہناتھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور دوٹوک آواز بلند کی ہے، کیونکہ پانی پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے، دریائے سندھ سے وابستہ ہر بستی، ہر کسان اور ہر خاندان کا مستقبل ہمارے آبی حقوق کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے، پاکستان کے عوام اپنے دریاؤں اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے متحد ہیں، اور یہ قومی مفاد کی آواز ہے۔
شازیہ مری کاکہناتھا کہ ہمارے آبی حقوق بین الاقوامی قوانین اور سندھ طاس معاہدے کے تحت تسلیم شدہ ہیں، پاکستان اپنے جائز حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے آبی حقوق کے دفاع کے لیے ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی، سندھ سے خیبر، پنجاب سے بلوچستان تک پاکستان کا ہر شہری پانی کے تحفظ اور اس کے منصفانہ حق سے وابستہ ہے۔
ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کا کہناتھا کہ دریائے سندھ صرف ایک دریا نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت، زراعت اور عوام کی زندگی کی شہ رگ ہے، قوم کا پیغام واضح ہے، پانی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان اپنے جائز آبی حقوق کا ہر صورت دفاع کرے گا، یکطرفہ اقدامات کروڑوں پاکستانیوں کی زندگیوں کو متاثر نہیں کر سکتے، آبی حقوق کا ہر فیصلہ بین الاقوامی قانون، انصاف اور سندھ طاس معاہدے کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر ایک مضبوط اور مؤثر آواز ہیں، پاکستان اپنے دریاؤں، اپنی زمینوں اور اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہر سطح پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:گزشتہ 24گھنٹوں میں بارشوں کے دوران کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟تفصیلات جاری






