
(علی رامے)ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے کہاہے کہ سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ اور پنڈی ڈویژن میں ہوئی۔
پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہورمیں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے بارے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے کہاکہ نارووال، جہلم اور گجرات میں بارش ہوئی،لاہورکی نارمل سچویشن ہے,راوی اور ستلج نارمل ہیں،نالہ ڈیک اور نارووال کے پاس بریچ کو فوری بھر دیا گیا ہے،شیخوپورہ میں ایک بند پر بریچ آیا تھا جس کو فوری طور پر بند کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے کہاکہ پنجاب ڈویلپمنٹ کے نام سے لاسٹ ائیر پروگرام شروع ہوا جس میں نئی مشینری لی گئی ،واسا کیلئے تقریبا 1000 مشینری لی گئی،پچھلے سال کی نسبت تین گنا کم پانی جمع ہوا ہے،مون سون سے پہلےبڑے نالوں کی صفائی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نے کہاکہ ابھی تک پنجاب بھر میں جتنی بارش ہوئی اس میں 183 زخمی ہوئے اور 22 لوگ جاں بحق ہوئے،ہر ضلع میں ٹیمیں ایکٹو ہیں،شہری بھی صفائی کا خود بھی خیال رکھیں اور بوسیدہ عمارتوں میں رہنے سے گریز کریں،بجلی کی تاروں سے دور رہیں اورندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس نےمزید کہاکہ 1122 پر فوری طور پر کسی بھی حادثے کی اطلاع دی جا سکتی ہیں ،بجلی کا نظام پرانا ہے وہاں بھی چیزوں کو دیکھا جا رہا ہے،دریا کے بیڈ سے جگہوں کو خالی کروا لیا گیا ہے،دریا کے اطراف بہت سی جگہوں پر بند بننا شروع ہو گیا ہے۔
دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے دریاؤں میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں مون سون بارشوں کے بعد پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہواہے،دریائے چناب میں خانکی اور قادرآباد کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 92 ہزار 104 اور اخراج 1 لاکھ 86 ہزار 774 کیوسک ریکارڈکیاگیاہے,قادرآباد کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 88 ہزار 186 اور اخراج 1 لاکھ 76 ہزار کیوسک ریکارڈکیاگیاہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور تریموں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، مرالہ پر پانی کی آمد 1 لاکھ 47 ہزار 42 جبکہ تریموں پر 1 لاکھ 80 ہزار 841 کیوسک ریکارڈکی گئی ہے،دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 50 ہزار 119 کیوسک، کالا باغ پر 3 لاکھ 33 ہزار 760 جبکہ تونسہ پر 3 لاکھ 13 ہزار 346 کیوسک ریکارڈکی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،بلوکی پر پانی کی آمد 87 ہزار 715 اور سدھنائی پر 53 ہزار 530 کیوسک ریکارڈکی گئی ہے، دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر صورتحال معمول کے مطابق ہے، دریائے جہلم میں منگلا اور رسول کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور اسلام کے مقام پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ہِل ٹورنٹس میں پانی کا اخراج ریکارڈ نہیں ہوا، نالہ پلکھو میں وزیرآباد کے مقام پر 4 ہزار 600 کیوسک پانی اور درمیانے درجے کی صورتحال ریکارڈکی گئی ہے۔






