
(انور عباس) جرمنی میں پڑھنے کے لئے جانے والے پاکستانی نوجوان کے جھیل میں ڈوب کر فوت ہو جانے کے بعد اس کی میت پاکستان واپس لانے کے لئے انتظامات مکمل ہو گئے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ پاکستانی طالب علم، اسید مرزا کی میت چند روز میں کراچی پہنچ جائے گی۔
اسید مرزا 13 جولائی کو جرمنی کی ریاست برانڈن برگ میں جھیل وربیلِن زے میں نہاتےہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ وہ برلن میں زیر تعلیم تھے اور تفریح کرنے کے لئے برانڈن برگ گئے تھے۔ ان کی لاش جھیل سے تلاش کرنے میں کئی دن لگے۔ جرمن وزارتِ خارجہ، برانڈن برگ پولیس اور ریسکیو کے اداروں کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں جھیل سے میت 17 جولائی کو برآمد کی گئی۔
کل جمعہ کے روز برلن میں اسید مرزا کی نمازہ جنازہ ادا کی گئی۔
برلن میں پاکستانی سفارت خانہ نے حادثہ کا شکار ہو جانے والے پاکستانی سٹوڈنٹ کے لواحقین کو قونصلر معاونت فراہم کی اور جرمنی کے اداروں کے ساتھ رابطہ رکھ کر لاش کی تلاش سے لے کر میت کی کراچی واپسی کے انتظامات کرنے تک تمام مراحل مکمل کئے۔






