3

پیٹرول پمپس کے حوالے سے اہم خبر

(راؤدلشادحسین )ملک بھر کے پیٹرول پمپس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کافیصلہ کرلیاگیا۔
فلنگ اسٹیشنز پر تیل کی آمد، فروخت اور دستیاب اسٹاک کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے اوگرا کا تجویز کردہ سمارٹ فون استعمال کرنا لازم قرار دے دیاگیا۔
اوگرا کے تجویز کردہ موبائل فونز میں خصوصی موبائل ایپ دستیاب کی گئی ہے،فلنگ اسٹیشنزکو اوگرا کا تجویز کردہ مخصوص کمپنی کااسمارٹ فون استعمال کرنے کا پابند کردیاگیاہے،پیٹرول پمپ کے لیے دو اسمارٹ فون لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔
متعلقہ آئل مارکیٹنگ کمپنی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے میکانزم پر عمل درآمد کرانے کی پابند ہوگی،مخصوص کمپنی کے تیار کردہ سمارٹ فونز کےلیے پمپ مالکان کو 72ہزار روپے فی کس اداکرنا پڑے ہیں۔
پیٹرول پمپ مالکان کاکہناہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے تقریبا 25سے 26ہزار اسمارٹ فون فراہم کئے گئے،حکمنامے پر عمل درآمد کرنے سے مخصوص کمپنی کے 80سے 90 کروڑ روپے کے موبائل فونز فوری فروخت ہوئے ہیں ،پیٹرول پمپ مالکان کو موبائل خریدنے پر مجبور کیا گیا ۔
پمپ مالکان کامزیدکہناہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ہر فلنگ اسٹیشن کے لیے تقریباً 72 ہزار روپے کی کٹوتی کی ،یہ رقم کس قانونی اختیار کے تحت کاٹی گئی،اس کی منظوری کس نے دی اور اس کا مکمل حساب کتاب عوام اور ڈیلرز کے سامنے کب رکھا جائے گا؟ڈیجیٹل نگرانی سے تیل کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور اسٹاک میں ہیر پھیر کی روک تھام ہوگی،مستقبل میں کسی بھی سبسڈی پروگرام کو زیادہ شفاف انداز میں چلانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔لیکن پمپ مالکان کاکہناہے کہ ڈیجیٹل نظام کی کامیابی صرف نئی ایپ یا موبائل فون خریدنے سے نہیں ہوتی ،اوگرا کی ڈیجیٹل ایپ با آسانی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے تو پھر یہ اضافی مالی بوجھ کیوں ڈالا گیا،بتایا گیا ہےکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارشات پر اوگرا نے عمل درآمد کروایا ہے،بظاہر تو لگتا ہے کہ مخصوص موبائل فون بنانے والی کمپنی کو فائدہ پہنچایا گیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں