
( ابو بکر شیخ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر کے پہلے عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرکے لازوال تاریخ رقم کی، انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کرکے نئی نسل کے لیے بہادری اور عزم کی مثال قائم کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی جرات، بہادری اور قربانی ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، جبکہ ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پاکستان ہمارا فخر اور قومی وقار کی علامت ہیں، قوم اپنے بہادر شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، پاکستان کی سلامتی اور استحکام شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے سپوت قوم کے حقیقی محسن ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یوم شہادت، افواجِ پاکستان کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے امیر العظیم کے اہل خانہ اور جماعت اسلامی کے قائدین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔






