
(احمد منصور )وزیر دفاع خواجہ آصف نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی پروپیگنڈے کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے، ان کے مطابق ایسے بیانات قانونی حقائق کو سیاسی پروپیگنڈے اور دھونس کے ذریعے تبدیل کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گمراہ کن بھارتی بیانات نہ تو زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی خطے کے امن میں کردار ادا کر سکتے ہیں، انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اپنے ریکارڈ کے باعث ایسے الزامات ناقابلِ اعتبار ہیں،انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کی پالیسیوں سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی الزامات خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی اور داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں: دفتر خارجہ
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں کشیدگی اور بین الریاستی تصادم کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور مذاکرات کی پالیسی پر قائم ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی بیانات داخلی سیاسی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش بھی ہو سکتے ہیں۔






