
(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے مون سون کا ایک طاقتور سلسلہ شروع ہونے پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 28 جولائی سے قبل سیلابی صورتحال پیدا کرنے والی بارشوں کا امکان نہیں، تاہم 29 جولائی سے مون سون کا ایک طاقتور سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، جو اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا کہ دریاؤں کی مجموعی صورتحال فی الحال قابو میں ہے، دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم اور کابل میں پانی کا بہاؤ کم درجے کی سیلابی صورتحال میں ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے چناب اور راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جبکہ دریائے سندھ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کی سیلابی صورتحال میں رہنے کی توقع ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر اور گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’گیم آف تھرونز‘ کے نئے تھیٹر ڈرامے کا پہلا پریویو چند گھنٹے قبل منسوخ






