
(ویب ڈیسک)مشہور عالمی فینٹسی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ (Game of Thrones) پر مبنی ڈرامے ’دی میڈ کنگ‘ (The Mad King) کے پہلے پریویو شو کو ڈراما شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل اچانک منسوخ کر دیا گیا۔
یہ شو رائل شیکسپئر کمپنی (RSC) کے شاہی شیکسپئر تھیٹر میں پیش کیا جانا تھا تاہم انتظامیہ نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
رائل شیکسپئر کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی پیشکش کی منسوخی کا فیصلہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور یہ تمام دستیاب آپشنز پر غور کرنے کے بعد ہی کیا جاتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے شائقین کو کتنی مایوسی ہوئی ہوگی اور ہم اس زحمت پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔
بعد ازاں جاری کیے گئے تفصیلی بیان میں انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ’دی میڈ کنگ‘ ایک انتہائی وسیع اور گرینڈ پروڈکشن ہے جس کی تیاری کے دوران کچھ غیر متوقع تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، اسی بنا پر پبلک کے سامنے پیش کرنے سے قبل ٹیم کو مزید وقت کی ضرورت تھی۔
انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرہ ٹکٹ ہولڈرز کو ان کی فیس سمیت مکمل رقم خودکار نظام کے تحت واپس (Full Refund) کر دی جائے گی۔
آر ایس سی (RSC) نے واضح کیا ہے کہ اس پریویو منسوخی سے شوز کی باقاعدہ افتتاحی رات (Opening Night) یعنی 8 اگست کی تاریخ متاثر نہیں ہوگی اور وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی آگے بڑھے گی، اگلا پریویو شو 28 جولائی کو پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ یہ ڈراما 5 ستمبر 2026 تک تھیٹر میں جاری رہے گا۔
جارج آر آر مارٹن (George R. R. Martin) کی کتابوں پر مبنی یہ ورلڈ پریمیئر اسٹیج ڈراما ٹی وی سیریز کے واقعات سے کئی دہائیاں قبل کی کہانی بیان کرتا ہے، ڈرامے کی شروعات ’رابرٹس ریبیلین‘ (Robert’s Rebellion) سے پہلے کی مشہور ہارن ہال ٹورنامنٹ (Harrenhal Tourney) سے ہوتی ہے،اس ڈرامے میں کئی ایسے اہم کردار بھی دکھائے جا رہے ہیں جو اس سے قبل کتابوں یا ٹی وی سیریز کے اسکرین پر نظر نہیں آئے ۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ جونیئر سکواش، پاکستان نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی






