1

موسلادھار بارشیں پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری 

(عاجزجمالی )صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب اور  سندھ نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر 31 جولائی سے 2 اگست تک متوقع بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، کشمور، قمبر شہدادکوٹ، ٹھٹھہ، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث کئی اضلاع کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں، جبکہ میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:ہزاروں کنٹینرز سے لدا جہاز پاکستان پہنچ گیا!

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ نکاسی آب کے لیے پمپس، مشینری اور دیگر ضروری وسائل تیار رکھے گئے ہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا،29 جولائی سے 5 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ 
لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں موسلادھار بارش کا امکان  ہے ۔
بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی  کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں