
(عثمان خان)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ایرانی اور افغان سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور افغان سفیر سردار احمد شکیب نے امیر العظیم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کی،دونوں سفیروں کی مرحوم امیر العظیم کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین اور دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک جان، دو قالب کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں، مسلسل رابطوں اور باہمی اعتماد سے تمام پاک افغان اختلافات ختم کئے جا سکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ایران، غزہ اور لبنان میں فوری اور مکمل جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے، امریکی و اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایرانی سفیر کاکہناتھا کہ پاکستان، ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کا باہمی تعاون خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے،
افغان سفیر نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کا تعاون خطے میں پائیدار امن کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
دونوں ملاقاتوں میں امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر بننے کے رجحان میں کمی، رواں سال کتنے امیدواروں نے اپلائی کیا؟






