
(ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں تیل مزید سستا ہو گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 1.61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت گھٹ کر 81 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔
دوسری جانب برینٹ کروڈ بھی دباؤ کا شکار رہا اور اس کی قیمت میں 2 فیصد کمی کے بعد یہ 86.36 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔متحدہ عرب امارات کا مربن آئل بھی 86.20 ڈالر فی بیرل کی سطح پر فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں طلب و رسد کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں اور روپے کی قدر میں نمایاں اتار چڑھاؤ نہ آیا تو حکومت آئندہ قیمتوں کے تعین میں عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کیا جاتا ہے، گزشتہ روز پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کی جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 18 پیسے ہو گئی۔
اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 386 روپے 83 پیسے پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا حتمی فیصلہ وزارتِ خزانہ وزیراعظم کی منظوری سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری کی بنیاد پر کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:دیت کی قیمت مقرر ،وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا






