
(ویب ڈیسک)امریکی فوج نے لاک ہیڈ مارٹن کو پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کیلئے انٹر سیپٹر میزائل تیار کرنے کا بڑا معاہدہ دیا ہے جس کی مالیت 58.6 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پینٹاگون نے اس معاہدے کا اعلان کر دیا ہے، لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ اپریل میں 4.7 ارب ڈالر کا ایک سالہ معاہدہ کیا گیا تھا، اب اس معاہدے کو 7 سال میں تبدیل کر دیا گیا ہے، معاہدے کے تحت مالی سال 2026ء سے 2032ء تک پیٹریاٹ انٹر سیپٹر میزائلوں کی خریداری کا منصوبہ بنایا جائے گا۔
پینٹاگون دفاعی کمپنیوں پر زور دے رہا ہے کہ میزائلوں کی پیداوار میں تیزی لائیں، صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھی دفاعی کمپنیوں پر دباؤ بڑھایا ہے کہ وہ شیئر ہولڈرز کو منافع دینے کے بجائے سرکاری دفاعی معاہدوں کی تکمیل اور پیداوار میں اضافے کو ترجیح دیں۔
لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ اس فنڈنگ سے کمپنی 2030ء کے اختتام تک انٹر سیپٹر میزائلوں کی پیداوار 3 گنا بڑھانے کے اپنے منصوبے پر عمل کر سکے گی، منصوبے کے نتیجے میں ملازمتوں کی تعداد 50 فیصد بڑھ کر 1,200 سے 1,850 تک پہنچ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے، کئی شہروں میں دھماکے
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور یوکرین میں جاری تنازعات کے باعث امریکا کے ہتھیاروں کے ذخائر، فضائی دفاعی اور درست نشانے والے ہتھیاروں کے ذخیرے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔






