
(24 نیوز)ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وزن کم کرنا اگرچہ صحت کے لیے انتہائی اہم ہے، لیکن بعض ایسے افراد جن میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، صرف وزن کم کرنے سے اس بیماری سے محفوظ نہیں رہ سکتے، تحقیق کے مطابق کچھ افراد میں وزن کم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے باوجود خون میں شوگر کی سطح بڑھتی رہی اور انسولین بنانے کی صلاحیت کمزور ہوتی گئی۔
تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو ذیابیطس کے زیادہ خطرے والے گروپ کلسٹر 5 میں شامل تھے، انہوں نے اپنے جسمانی وزن میں تقریباً 8 فیصد کمی کی اور کئی سال تک اسے برقرار بھی رکھا، لیکن اس کے باوجود ان میں خون میں شوگر کی سطح بڑھتی رہی، انسولین بنانے کی صلاحیت کمزور ہوتی گئی اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ بدستور زیادہ رہا۔
مزید پڑھیں:صرف 30 سیکنڈ میں دل کی بیماریوں کا راز کھولنے والا ’’ٹوائلٹ‘‘ایجاد
محققین نے اپنی تحقیق کے لیے ٹیوبنگن لائف اسٹائل انٹروینشن پروگرام سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا، اس پروگرام میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے خطرے والے افراد نے 2 سالہ طرزِ زندگی کی بہتری کے پروگرام میں حصہ لیا، جس کے بعد تقریباً 9 سال تک ان کی صحت کی نگرانی کی گئی۔
تحقیق میں خاص طور پر ان افراد کا جائزہ لیا گیا جنہوں نے نمایاں وزن کم کیا اور طویل عرصے تک اسے برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔






