
(علی رامے)پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اوربارشوں کے حوالےسے خبردارکردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال نارمل ہو چکی ہے،دریائے چناب میں تمام بیراجز پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،دریائے راوی میں تمام ہیڈز پر بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم اور ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے،دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،کالا باغ میں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار ہے،ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے،دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،وزیرہ آباد نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب سیف انور جپہ کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے،بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کابھی خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں مندی کارجحان،ڈالرسستا ہوگیا
ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں ،فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی،شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں دریاؤں اورندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔






