
(24 نیوز )ویلنشیا ٹاؤن میں امریکن نیشنل خاتون اور اس کے 3 بچوں کے قتل کاڈراپ سین،مقتول بچوں کی سفاک ماں ہی مرکزی ملزمہ نکلی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں مقتول بچوں کی والدہ کو مرکزی ملزمہ قرار دیا گیا ہے جبکہ کیس میں مزید دو افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق امریکن نیشنل خاتون ذہنی مریضہ تھی ، آن لائن مرنے کے طریقے سرچ کرتی رہتی تھی گرفتار افراد میں کیمیکل شاپ کا مالک اور ایک رائیڈر شامل ہیں، کیمیکل شاپ کا مالک آن لائن کیمیکل فروخت کرتا تھا، جس سے خاتون کا رابطہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون نے کیمیکل کے حصول کے لیے ملزم کو ایک لاکھ 38 ہزار 540 روپے منی گرام کے ذریعے ادا کیے، تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ خاتون نے کیمیکل والا پارسل اپنی دوست کے گھر منگوایا۔
یہ بھی پڑھیں:کیا یورپ کو تیل کی سپلائی مکمل بند ہونے والی ہے؟
ذیشان رضا کے مطابق امریکی نیشنل خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ امریکا سے لاہور پہنچی تھی اور ویلنشیا ٹاؤن میں کرائے کے گھر میں رہائش اختیار کی تھی۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ 16 جولائی کو خاتون نے اپنی دوست کے ہمراہ پیزا شاپ پر کھانا کھایا اور بعد ازاں کیمیکل والا پارسل وصول کیا، پولیس کے مطابق 17 جولائی کو خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کو آئس کریم کھلائی، جس میں زہریلا کیمیکل شامل تھا جبکہ بعد میں خود بھی وہی چیز استعمال کی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں میں 15 سالہ ریحان، 11 سالہ اریشا اور 9 سالہ ارسل شامل تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ خاتون کے شوہر ناصر کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا اور مکمل تفتیش کے بعد کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔






