
(24 نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات کو انتہائی سخت کرنے اور پٹرولنگ بڑھانے کے احکامات جاری کر دیئے، انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
آئی جی پنجاب نے خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر مذہبی مقامات کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ ساتھ کاروباری مراکز، بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر پولیس کی پٹرولنگ میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
عبدالکریم نے سیکیورٹی اداروں کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے شرپسندوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، اہم اور حساس مقامات کے اطراف میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے۔
صوبے کے داخلی و خارجی راستوں کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات اہلکار چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہیں۔
انہوں نے تمام ناکوں پر مشکوک گاڑیوں، مشتبہ افراد اور سامان کی سخت ترین لاجسٹک چیکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ صوبے کی حدود میں کسی بھی قسم کے ممنوعہ مواد یا شرپسندوں کے داخلے کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 میں کمی ہوئی






