1

کوئٹہ ؛چمن ریلوے پھاٹک کے قریب دھماکہٹرین ٹریک سے اترگئی

(عیسیٰ ترین)کوئٹہ میں ریلوے پھاٹک کے قریب دھماکے کے  نتیجے میں 14 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 معاون وزیراعلیٰ بلوچستان نے چمن ریلوے پھاٹک دھماکے میں شہدا کی تعداد 14 ہونے کی  تصدیق کردی ہے۔

دھماکے کے باعث انجن اور2کوچز پٹری سے اتر گئیں، قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیاگیاہے،شواہد اکٹھے کرنے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

 پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز نےدھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیااوردھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
کوئٹہ میں چمن ریلوے پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے میں کینٹ جانے والی ٹرین کو ریلوے ٹریک کے قریب نشانہ بنایا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج کو اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہے، زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا،دھماکہ کے بعد جائے وقوعہ پر شدید فائرنگ بھی جاری رہی۔

صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی ،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن ، استحکام اور قومی سلامتی کیخلاف ہر سازش ناکام بنانے کے عزم کااظہارکیاہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ دشمن عناصر پاکستان کی عالمی امن کاوشوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، دہشت گردوں اور سرپرستوں کو بھولیں گے نہ معاف کریں گے،پاکستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دےگا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ دنیا دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا اصل چہرہ دیکھے کہ وہ کس طرح پاکستان کی عالمی امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونت کرنے والوں اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والوں کو شکست دے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مشکل گھڑی میں بلوچستان کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، لہو کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کوئٹہ میں ریلوے ٹریک پر دہشت گرد بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بزدلانہ دہشت گرد کارروائی کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ معصوم شہریوں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں،بزدلانہ دہشتگرد کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتیں،بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس اور پاکستان دشمن عناصر کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی، پوری قوم دہشتگردی اور پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے مقابلے میں متحد ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

 وزیر داخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو نے بھی چمن پھاٹک کے قریب دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئٹہ میں ایک بارپھر امن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت عمل ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ امن دشمنوں نے ایک بار پھر نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا،چمن پھاٹک کے قریب گزرنے والی ٹرین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، زخمیوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے،عوامی املاک اور نہتے لوگوں کو نشانہ بناکر دہشت گردی پھیلانے والے عناصر بلوچستان سے مخلص نہیں ہیں،امن دشمن پاکستانی فورسز کا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لئے بھارت کو خوش کرنے کے لیے نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں