2

عوام کے جان و مال کے تحفظ، دہشت گردی جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پولیکو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا ہوں گی،آئی جی پولیس

پشین : ـانسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس فورس کو عزم، تندہی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دلیری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا ہوں گی۔ پولیس افسران اور جوان عوام کے محافظ ہیں، اس لیے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض کو قومی و عوامی خدمت اور عبادت سمجھ کر ایمانداری، خلوص اور فرض شناسی کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کے دورے کے دوران پولیس افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب رینج سہیل احمد، ایس ایس پی پشین کیپٹن (ر) نوید عالم سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔دورے کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر کو ضلع پشین میں مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام، پولیس کی کارکردگی، دستیاب وسائل اور حالیہ بھرتی ہونے والے نئے پولیس جوانوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے ضلع میں سکیورٹی کے انتظامات، پولیس کی استعدادِ کار اور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آئی جی پولیس کو آگاہ کیا۔ائی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کی روایات اور اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ امن کے قیام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے پولیس افسران اور اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہر شہری کو بلاامتیاز تحفظ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس فورس کو نہ صرف دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھنی ہوں گی بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ پولیس افسران اور جوان اپنی ڈیوٹی کے دوران غیر معمولی چوکس رہیں اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے باہمی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لائیں۔ائئی جی پولیس محمد طاہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس دہشت گرد عناصر کے مکمل قلع قمع، جرائم کے سدباب اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا مقصد صرف دہشت گردی اور جرائم کا مقابلہ کرنا نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے، کیونکہ ایک مضبوط اور بااعتماد پولیس ہی معاشرے میں امن، تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ پولیس کے افسران اور جوانوں نے مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے حوصلے، جذبۂ خدمت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ استعداد میں مزید اضافے اور اہلکاروں کو درکار سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔آئی جی پولیس بلوچستان نے نئے بھرتی ہونے والے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تربیت اپنی توجہ مرکوزکرنے کے علاوہ نظم و ضبط، قانون کی پاسداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کو اپنی عملی زندگی کا بنیادی اصول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے پولیس جوان مستقبل میں بلوچستان پولیس کی نمائندگی کریں گے، اس لیے ان کی تربیت میں کردار سازی، قانون سے آگاہی، جدید پولیسنگ اور عوامی خدمت کے جذبے کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے پولیس افسران و جوانوں سے کہا کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں اور ہر مشکل صورتحال میں حوصلے، صبر اور بہادری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کی اصل طاقت عوام کا اعتماد، اہلکاروں کا نظم و ضبط اور فرض شناسی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ژوب رینج سہیل احمد، ایس ایس پی پشین کیپٹن (ر) نوید عالم اور دیگر افسران نے آئی جی پولیس بلوچستان کو ضلع پشین میں امن و امان اور سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں پولیس فورس کی جانب سے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔دورے کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں