
(احمد منصور)خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں شدید بارشوں، سیلاب سے تباہی کے نتیجے میں سڑکیں، پل اور مکانات متاثر ، پاک فوج کی جانب سے امدادی و ریسکیو کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث جگھور کے مختلف علاقوں جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول میں سڑکوں، گلیوں، زرعی اراضی اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مٹی اور ملبے کے بڑے پیمانے پر جمع ہونے سے آمدورفت اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
مسلسل بارشوں کے دوران فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوانوں نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور مشکل میں گھرے شہریوں کو ضروری معاونت فراہم کی ۔
سیلابی پانی میں پھنسے متاثرین کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، جبکہ بند سڑکوں کو ہیوی مشینری کی مدد سے کھول کر ٹریفک کی روانی بھی بحال کر دی گئی، مقامی افراد نے پاک فوج کی بروقت کاروائیوں اور انسانیت دوست جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 خوارج جہنم واصل






