10

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات

(24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات اور باہمی تعاون سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں۔محسن نقوی کا دورہ تہران ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی منگل کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے تہران کے ہوائی اڈے پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا استقبال کیا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق تہران پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے منگل کی شام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی، دورۂ ایران کے دوران پاکستانی وزیر داخلہ کی ایرانی حکام سے مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ امور اور باہمی دل چسپی کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔

محسن نقوی کا دورۂ ایران ایک ماہ بعد ہو رہا ہے، گزشتہ ماہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرول 1 روپے 70 پیسے سستا ، ڈیزل 1 روپے 39 پیسے مہنگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں