(ویب ڈیسک) برطانوی ڈرائیور نے ہائیڈروجن پاور گاڑی کو 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلاکر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
انگلینڈ کی رائل ائیر فورس کے سابق پائلٹ اینڈی گرین نے سڑک پر کار کو ہی جہاز کی طرح بھگا کر کار کی رفتار کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔ انہوں نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے زمین پر کسی گاڑی کی رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
64 سالہ اینڈی گرین نے امریکہ کی یوٹاہ سٹیٹ میں واقع بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈروجن کے ایندھن سسے چلنے والی کار کو 406 میل فی گھنٹہ (654 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے دوڑایا ۔ یہ کار کی رفتار کا نیا ریکارڈ ہے۔
اینڈی گرین نے جو گاڑی گولی کی رفتار سے بھگائی اس ہائیڈرو میکس میں دو ہائیڈروجن انجن نصب ہیں جو مل کر 1600 ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔
20 سال پرانا ریکارڈ
نئی ہائیڈرو میکس گاڑی نے 2004 میں قائم ہونے والے ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی کےعالمی ریکارڈ 185.5 میل فی گھنٹہ کو پاش پاش کر دیا۔ اس مرتبہ ہائیدروجن میکس گاڑی نے پرانے ریکارڈ سے دوگنا سے بھی زیادہ رفتار حاصل کی۔
20 سال پہلے اسی مقام پراسی کمپنی کی ڈیزل انجن سے چلنے والی گاڑی ڈیزل میکس نے 350 میل فی گھنٹہ (563 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

سڑک پر چلتےہوئے ساؤنڈ بیرئیر توڑنےوالا واحد انسان
اینڈی گرین اس سے پہلےبھی موٹر اسپورٹس کی تاریخ میں نام بنا چکے ہیں۔ 1997 میں انہوں نے جیٹ انجن سے چلنے والی ThrustSSC گاڑی کے ذریعے 763 میل فی گھنٹہ (1228 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کرکے زمین پر کار کے ذریعے آواز کی رفتار کو عبور کیا تھا۔
اینڈی گرین زمین پر گاڑی کے ذریعے ساؤنڈ بیریئر توڑنے والے واحد انسان ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: جنوبی پنجاب میں آئندہ تین سے پانچ گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان






