
بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی انتہائی متوقع فلم آوارپن 2 نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے سنی دیول کی فلم بٹوارہ 1947 کو پہلے ہی دن پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نتن ککڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی آوارپن 2 میں عمران ہاشمی ایک بار پھر شیوم پنڈت کے کردار میں نظر آئے ہیں، جبکہ شبانہ اعظمی، دیشا پٹانی اور سویندر وکی بھی فلم کا حصہ ہیں۔
ٹریڈ ویب سائٹ سَیک نِلک کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے روز بھارت میں تقریباً 21 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کیا، جبکہ مختلف ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اس کی پہلے دن کی کمائی 27.20 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق آوارپن 2 نے اپنے پہلے ہی دن 2007 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم آوارپن کے مجموعی لائف ٹائم کلیکشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، پہلی فلم نے مجموعی طور پر تقریباً 7.76 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
دوسری جانب سنی دیول اور پریتی زنٹا کی فلم بٹوارہ 1947 کو باکس آفس پر نسبتاً کم اوپننگ ملی، ابتدائی رپورٹس کے مطابق فلم نے بھارت میں پہلے روز تقریباً 5.75 کروڑ بھارتی روپے کمائے جبکہ بیرون ملک سے تقریباً 1.50 کروڑ روپے کا بزنس ہوا، جس کے بعد دنیا بھر میں ابتدائی مجموعہ تقریباً 8.34 کروڑ روپے رہا۔
یہ بھی پڑھیں:سنی دیول نے پاکستان سے متعلق دل کی بات کہہ دی
’بٹوارہ 1947‘ تقسیمِ ہند کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ہے، جس میں سنی دیول کی اداکاری کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے سراہا گیا، تاہم پہلے دن کے کاروبار میں ’آوارپن 2‘ واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
عمران ہاشمی کی ’آوارپن 2‘ کی مضبوط اوپننگ کو اداکار کے کیریئر کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ فلم ان کے اب تک کے بڑے اوپنرز میں شامل ہوگئی ہے۔






