
(24 نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے،راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بارش متوقع ہے،فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش ہو سکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق 17 سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈی جی سیف انور جپہ نے بتایا کہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، انھوں نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے،شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔
ڈی جی کے مطابق مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں،آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں :مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل کیا جائے؛طاہر محمود اشرفی






