
(جیند ریاض )تعلیمی بورڈز میں امتحانی پرچوں کی مارکنگ کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مجموعی جائزے کے بجائے ہر سوال کے نمبروں کی واضح سٹرکچرنگ کی جائے گی۔
بورڈ حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت روبریکس مارکنگ متعارف کرائی جائے گی، جس سے طلبہ کو ہر سوال کے مقررہ معیار کے مطابق مکمل نمبر حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
نئے مارکنگ طریقہ کار کا اطلاق لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں کیا جائے گا، جبکہ اس پر عملدرآمد دوسرے سالانہ امتحانات سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سوالیہ پرچوں کی تیاری اور مارکنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیپر مارکرز سے بھی فیڈ بیک لیا جائے گا۔ پیپر مارکرز سوالات اور مارکنگ کے حوالے سے اپنی رپورٹس متعلقہ بورڈز کو جمع کروائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سکول میں آسیب کا سایہ یا کچھ اور؟ 600 طلبہ ہاسٹل چھوڑ کر بھاگ گئے!
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت، مارکنگ کے معیار اور نتائج کی ساکھ کو بہتر بنانا ہے، جبکہ تعلیمی بورڈز کے نتائج کو عالمی سطح پر قابل قبول بنانا بھی اس اقدام کے اہم اہداف میں شامل ہے۔
آئندہ میں مارکنگ کے دوران ہر سوال کے نمبروں کا واضح طریقہ کار موجود ہوگا، جس سے طلبہ کی جوابی کاپیوں کی جانچ میں یکسانیت پیدا کرنے اور مارکنگ کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔






