
(24نیوز)پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والی گرفتاریاں اور پاکستان پر عائد الزامات محض اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے گھڑا گیا پروپیگنڈا ہیں، بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی، ٹارگٹڈ قتل اور تخریب کاری دنیا سے ڈھکی چھپی نہیں، پاکستان بھارت کی جانب سے پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے حوالے سے ناقابلِ تردید شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر چکا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی نیول کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے،انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنے طرزِ عمل پر توجہ دے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں 100 طیارے تباہ ہوئے:ایران
طاہر اندرابی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔






