
(بابر شہزاد تُرک)خیبرپختونخوا حکومت نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور نئے آئی جی کی تعیناتی کیلئے تین سینئر پولیس افسران کے ناموں پر مشتمل پینل وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو موصول ہونے والے پینل میں محمد علی باباخیل، سعید خان وزیر اور عباس احسن کے نام شامل ہیں،ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے آئی جی پولیس کی تبدیلی کیلئے وفاق سے باضابطہ رابطہ کیا گیا ہے،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پینل کا جائزہ لینے کے بعد سمری تیار کرکے منظوری کیلئے وزیراعظم آفس کو ارسال کرے گا۔
وزیراعظم کی منظوری کی صورت میں موجودہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا تبادلہ کیا جا سکے گا، جبکہ نئے آئی جی کی تعیناتی بھی پینل میں شامل افسران میں سے کسی ایک کی ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری ملنے کے بعد آئندہ چند روز میں آئی جی خیبرپختونخوا کی تبدیلی کا امکان ہے، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تبادلے اور نئے آئی جی کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ایک قریبی مشیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت اور آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے درمیان معاملات میں اختلافات پیدا ہو رہے ہیں، مشیر کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں اور دیگر انتظامی احکامات سے متعلق دی جانے والی ہدایات پر موجودہ آئی جی کی موجودگی میں مطلوبہ عملدرآمد نہیں ہو رہا، جس کے باعث صوبائی حکومت آئی جی کی تبدیلی چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ کے قریبی مشیر کے مطابق صوبائی حکومت کی مکمل کوشش ہے کہ سعید خان وزیر کو ذوالفقار حمید کی جگہ آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا جائے،ان کا کہنا تھا کہ سعید خان وزیر اس سے قبل تحریک انصاف کے دور حکومت میں گلگت بلتستان حکومت کے آئی جی پولیس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
مشیر کے مطابق سعید خان وزیر کا نام اسی تناظر میں صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری اور وفاقی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تجویز کردہ پینل میں شامل تینوں افسران سینئر پولیس افسران ہیں اور وفاقی حکومت پینل کا جائزہ لینے کے بعد کسی ایک افسر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔
واضح رہے کہ آئی جی خیبرپختونخوا کی تعیناتی وفاقی حکومت کے اختیار میں ہے اور صوبائی حکومت نئے آئی جی کیلئے افسران کے نام تجویز کر سکتی ہے، حتمی منظوری وزیراعظم کی جانب سے دی جائے گی، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے آئی جی کے تقرر و تبادلے کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں فرانسیسی سفیر کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات






