
(بابر شہزاد تُرک) وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری تقریبات میں سول سرونٹس کی نمود و نمائش، غیر ضروری پروٹوکول اور ذاتی تشہیر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے 14 اگست کو سرکاری تقریب میں اسلام آباد کے چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل پولیس کےبگھی میں سوار ہو کر تقریب میں پہنچنے کے واقعے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے مراعات یافتہ حیثیت، نمود و نمائش اور ذاتی تشہیر کا تاثر پیدا ہوا، جو عوامی خدمت کے بنیادی تقاضوں اور روح سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ایسے طرز عمل سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے اور یہ اعلیٰ سول افسران اور حکومتی عہدیداران سے متوقع معیار کے منافی ہے۔
وزیراعظم نے اس مراسلہ میں قرار دیا کہ سرکاری افسرا اور عوامی عہدیدار اپنے منصب عوام کی امانت کے طور پر سنبھالتے ہیں، اس لیے ان سے ہر وقت عاجزی، ضبط و تحمل، وقار اور درست صوابدید کا مظاہرہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔ ملک کے دارالحکومت کے انتظامی سربراہ کی حیثیت سے چیف کمشنر سے عوام اور حکومت دیانت داری، مناسب طرز عمل اور ذمہ دارانہ حکمرانی کے اعلیٰ ترین معیار کی توقع رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نےہدایت کی کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران محتاط طرز عمل اختیار کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس نوعیت کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی سیکریٹریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ وزارتوں اور اپنے ماتحت تمام اداروں میں ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری عہدوں پر فائز افراد سے عوامی خدمت، وقار اور ذمہ دارانہ طرز عمل کے اعلیٰ معیار کی پابندی کی توقع کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پیٹرول 3 روپے 81 پیسے، ڈیزل 3 روپے 59 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا






