
(ویب ڈیسک)امریکی ایئرلائنز کی پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث طیارے میں دھواں پھیل گیا اور متعدد مسافر جھلس گئے۔
امریکی ایئرلائنز کی پرواز 2398 اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جا رہی تھی اور اس میں 133 افراد سوار تھے، لینڈنگ کے مرحلے میں طیارے کے اندر موجود لیپ ٹاپ میں آگ لگ گئی۔
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طیارے کے پچھلے حصے میں آگ لگی ہے اور عملہ اسے بجھانے کی کوشش کر رہا ہے، پائلٹ کے مطابق لیپ ٹاپ سے 4 سے 5 مسافروں کے ہاتھ جھلسے۔
فلائٹ اٹینڈنٹس نے تھرمل کنٹینمنٹ بیگ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور طیارے نے ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایک مسافر کو طبی امداد دی گئی جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے موقع سے ہی فارغ کردیا گیا، واقعے کی تحقیقات وفاقی ادارہ ہوا بازی (ایف اے اے) کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی ساحل کے قریب سنگاپور جانے والا مال بردار جہاز ڈوب گیا،22افراد لاپتہ
حکام کے مطابق لیپ ٹاپ اور دیگر برقی آلات میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں زیادہ گرم ہونے کی صورت میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں اور ان میں اچانک آگ بھڑکنے کا عمل ’تھرمل رَن اوے‘ کہلاتا ہے۔






