
(ویب ڈیسک) روس نے ایک اور انٹر کانٹی نینٹل میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
ماسکو میں روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنگی مشقوں کے دوران شمال مغربی علاقے آرخانگلسک کے ‘پلیسیسک کاسموڈروم’ سے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے اور موبائل لانچر سے لانچ کئے جا سکنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق نئے انٹر کانٹینینٹل بیلسٹک میزائل کا یہ تجربہ کامیاب تھا۔
روسی سٹریٹجک میزائل فورسز نے میزائل فائر کرنے سے پہلے ایک موبائل لانچر بیٹری کو دور دراز علاقے میں انسٹال کیا جس کے بعد میزائل کو روس کے ہی مشرقی حصے میں 6700 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر واقع جزیرہ نما کامچاٹکا کی ‘کورا’ ٹیسٹ سائٹ میں نصب ٹارگٹ پر نشانہ لگانے کے لئے لانچ کیا گیا۔
روسی فوج کے اعلان کے مطابق اس میزائل کے تجربے کا بنیادی مقصد میزائل سسٹم کی ’ٹیکٹیکل، ٹیکنیکل اور پرواز کی خصوصیات‘ کی تصدیق کرنا تھا۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ ’تمام طے شدہ اہداف مکمل طور پر حاصل کر لیے گئے‘، اور یہ کہ میزائل نے ہدف کی جانب ’بغیر کسی خامی کے اپنی درست پرواز‘ کو برقرار رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ICBM نے “بے عیب رفتار” کو برقرار رکھا۔
اس تجربے کے لیے استعمال ہونے والے نئے میزائل کے متعلق تفصیل نہیں بتائی گئی۔
اس سے پہلے مئی کے وسط میں بھی میزائل فورسز کی مشقوں کے تحت روس کی وزارت دفاع نے ‘آر ایس-24 یارس’ (RS-24 Yars) میزائل سسٹم کا تجربہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: موسم آج رات اور کل بھی گرم مرطوب رہے گا، بارش کہاں کہاں ہو گی؟ میٹ ڈیپارٹمنٹ کی فورکاسٹ
روس کا یہ نیا میزائل کا تجربہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ قبل غیر تصدیق شدہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرینی ڈرونز نے روس کی واحد فوجی سپیس پورٹ پلیسیسک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران یوکرائن جنگ کے سبب روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی علامات بھی سامنے آئیں۔
دی ماسکو ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ وزارت دفاع کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ میزائل کو جنگل میں واقع ایک مقام سے لانچ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پمز کا ای ڈی قاتل، اس کو گرفتار کریں، سینیٹ میں سعدیہ عباسی کا احتجاج






