
(جنید ریاض)پنجاب بھر میں تین ماہ کی طویل تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی طلباء کی چھٹیوں کی موجیں ختم اور تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست تک تعطیلات دی گئی تھیں، تین ماہ کی چھٹیوں کے بعد سکول کے پہلے روز طلباء کی حاضری نسبتاً کم رہی، تاہم سکول آنے والے طلباء اپنے اساتذہ اور دوستوں سے دوبارہ ملاقات پر بے حد خوش دکھائی دیے۔
طلباء کا کہنا تھا کہ مسلسل گھر میں بیٹھے رہنے سے وہ تھکن اور اکتاہٹ محسوس کرنے لگے تھے اور اب سکول واپس آکر انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی رہنمائی میں سبق کو سمجھ کر پڑھنے کا زیادہ فائدہ ہوتا ہے، طلباء نے مزید بتایا کہ رواں سال گزشتہ سال کی نسبت زیادہ تعطیلات دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہر سال سکول کھلنے کے پہلے روز طلباء کی حاضری کم رہتی ہے تاہم ایک سے دو روز میں طلباء کی حاضری میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا اور حاضری تقریباً سو فیصد ہونے کی توقع ہے۔






