
(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں ایران امریکا تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات پاکستانی قیادت کے سامنے رکھے، جبکہ متعلقہ امور پر دونوں جانب سے تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:عمان کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر پروجیکٹائل سے حملہ ،جہاز ناکارہ






