
(24 نیوز)بھارت کے شہر کانپور میں جمعرات کو 4 نشستوں پر مشتمل 2 انجنوں والے تربیتی طیارے کے کھیت میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ دونوں جاں بحق ہوگئےہیں۔
کانپور پولیس کمشنر رگھو ویر لال نے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور کرناٹک کے رہائشی زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری کے نام سے کی ہے۔
پولیس کمشنر کے مطابق دونوں پائلٹس نے مقامی گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر پرواز کی تھی۔
طیارہ تقریباً 20 منٹ بعد تربیتی مرکز واپس آتے ہوئے 11 بج کر 50 منٹ کے قریب ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔
مزید پڑھیں:شمالی اٹلی میں گائرہ کاپٹر حادثے کا شکار، 2 افراد ہلاک
رگھو ویر لال نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 4 نشستوں والا 2 انجنوں کا ٹیکنام طیارہ تھا، انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا کو تقریباً 3 ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل تھا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا اور لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کو دے دی گئی ہے، جس کی ٹیم واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرے گی۔
پولیس کمشنر کے مطابق ٹیکنام طیارہ 2023 میں تربیتی مقاصد کے لیے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر لایا گیا تھا۔
حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ طیارے سے متعلق تکنیکی تحقیقات ڈی جی سی اے کرے گا۔






