1

بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر کا اغوا تشدد کے بعد آگ لگا دی گئی؛ 2 ماہ بعد موت

(24 نیوز) چندی گڑھ میں 28 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر منجیت کور مبینہ طور پر اغوا، تشدد اور زندہ جلائے جانے کے تقریباً 8 ہفتے بعد دورانِ علاج دم توڑ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منجیت کور نے 26 اگست کو چندی گڑھ کے پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ای آر) میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہاری۔

رپورٹ کے مطابق منجیت کو 3 جولائی کی رات چندی گڑھ کے سیکٹر 34 میں ایک شراب کی دکان کے قریب ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا۔

 اہل خانہ کی شکایت کے مطابق شبھی اور پنڈا نامی 2 جاننے والوں نے اسے مبینہ طور پر زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور پنجاب کے شہر مورِندا لے گئے۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہاں منجیت کور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بعد ازاں اسے شہتوت کے درخت سے باندھ کر آگ لگا دی گئی۔

مزید پڑھیں:جرمنی کے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر مچھروں کا حملہ! 2 ملازمین ملیریا سے ہلاک

 ایک شخص نے اسے آگ کی لپیٹ میں دیکھا اور کمبل کی مدد سے آگ بجھانے کے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا۔

منجیت کو پہلے موہالی کے ہسپتال لے جایا گیا، تاہم حالت تشویش ناک ہونے کے باعث 9 جولائی کو پی جی آئی ایم ای آر چندی گڑھ منتقل کردیا گیا، جہاں وہ کئی ہفتوں تک بے ہوش رہی۔

اہل خانہ کے مطابق 5 اگست کو منجیت کو مختصر طور پر ہوش آیا اور اس نے مبینہ حملے سے متعلق اہل خانہ کو بتایا، تاہم بعد میں اس کی حالت دوبارہ بگڑ گئی اور وہ شدید جھلسنے کے باعث 26 اگست کو دم توڑ گئی۔

منجیت کی موت کے بعد چندی گڑھ پولیس نے سیکٹر 34 تھانے میں مقدمہ درج کرکے 2 مشتبہ افراد کو نامزد کیا ہے۔

 پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جبکہ اہل خانہ اور دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں