کوئٹہ، بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے کیڈٹ ایکسیلنس اسکالرشپ پروگرام 2026 کے تحت بلوچستان کے 6 ہونہار طلباء کو ملک کے اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کے لیے میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخب طلباء کا تعلق نصیرآباد، صحبت پور، کوئٹہ اور چمن سے ہے۔
منتخب طلباء میں ضلع صحبت پور سے 2، ضلع کوئٹہ سے 2، جبکہ اضلاع نصیرآباد اور چمن سے ایک، ایک طالب علم شامل ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر BEEF خالد ماندائی نے کامیاب طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ ایکسیلنس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی فراہم کرنا اور ان کی تعلیمی، شخصی اور قائدانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ BEEF میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کے اصولوں کے تحت بلوچستان کے قابل طلباء کی تعلیمی معاونت کے لیے کوشاں ہے۔ ملک کے معتبر تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کا میرٹ پر انتخاب صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیت اور تعلیمی استعداد کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت حکومت بلوچستان اور BEEF باصلاحیت نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
BEEF کی جانب سے تمام منتخب طلباء اور ان کے والدین کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ امید ہے کہ یہ طلباء اپنی محنت، نظم و ضبط اور قابلیت کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔






