انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھاری جرمانے کا سامنا، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے 11 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب قرار پائی، جس پر ٹیم کے خلاف سلو اوور ریٹ کی کارروائی کی گئی۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے قومی ٹیم پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 11 پوائنٹس کی کٹوتی کی سزا بھی سنادی۔
قوانین کے تحت سلو اوور ریٹ پر ہر کم اوور کے عوض میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ جرمانہ 50 فیصد تک ہوسکتا ہے۔ پاکستان ٹیم 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب قرار پائی، جس کے باعث قومی ٹیم پر مقررہ زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس جرمانہ عائد کیا گیا۔






