3

مچھ: کان کنوں کی حفاظت، سلامتی اور محفوظ کان کنی کے فروغ کے لیے آگاہی واک

مچھ : مچھ میں انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی کی قیادت میں کان کنوں کی حفاظت، سلامتی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ اور محفوظ کان کنی کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ مائنز کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں کان کنوں اور عوام نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حفاظتی تدابیر، حفاظتی آلات کے استعمال، حادثات سے بچاؤ اور محفوظ کان کنی کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر الیکٹرک انسپکٹر آف مائنز مچھ عارف حسین عمرانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کانوں میں بجلی کے نظام، برقی آلات کے محفوظ استعمال، مناسب ارتھنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی نے کان کنوں کو حفاظتی قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد، حفاظتی آلات کے استعمال، گیس کی بروقت نشاندہی، مؤثر وینٹی لیشن، کانوں کی چھت کو محفوظ بنانے اور خطرناک یا متروک حصوں کو مناسب طریقے سے بند کرنے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر جونیئر انسپکٹر آف مائنز مچھ محمد اسامہ ترین نے بھی آگاہی واک کے شرکاء کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کان کنی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، حفاظتی سامان کے درست استعمال اور ہنگامی صورتحال میں مقررہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کان کنوں کی جانب سے حفاظتی اصولوں پر سنجیدگی سے عملدرآمد حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ افسران نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو انتظامات، ہنگامی راستوں اور حفاظتی طریقہ کار سے کان کنوں کا مکمل طور پر آگاہ ہونا ضروری ہے اور معمولی سی غفلت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مائنز کی جانب سے کان کنوں میں حفاظتی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایسی آگاہی سرگرمیوں کا مقصد محفوظ اور ذمہ دارانہ کان کنی کے کلچر کو فروغ دینا اور مزدوروں کو دورانِ کام ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں آگاہ کرنا ہے۔ آگاہی واک کے دوران کان کنوں اور عوام میں حفاظتی شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کان کنی کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت، احتیاط اور ذمہ داری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ عوامی حلقوں اور کان کنوں نے محکمہ مائنز کی جانب سے منعقدہ آگاہی واک کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی عملی آگاہی مہمات کان کنوں کو حفاظتی اصولوں سے روشناس کرانے، حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں