
(روزینہ علی) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے مزید غیر ملکی کوچز کی تقرریوں کا اعلان کرتے ہوئے ہائی پرفارمنس کوچنگ ٹیم کو مکمل کر لیا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق ڈیوڈ ڈوائر کو فٹنس اور ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ باب جوہان ویلڈہوف کو گول کیپنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، کرس بوون کو سپورٹس سائیکالوجسٹ اور عدنان ذاکر کو جونیئر ٹیلنٹ آئیڈنٹی فکیشن کوچ تعینات کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ہرمن کروئس کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جا چکا ہے، پی ایچ ایف کے مطابق یہ تمام غیر ملکی ماہرین سینئر اور جونیئر دونوں سطح کی ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے۔
پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کی تعیناتیاں پاکستان ہاکی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہیں، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی تیاری کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔
صدر پی ایچ ایف کے مطابق یہ اقدامات پاکستان ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کی کوششوں کا حصہ ہیں، اور ہر سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت






