
(24 نیوز) سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور مقابلہ کرنے کے جذبے نے قوم کو فخر کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے شاداب خان کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی فیصلہ کن شراکت کو بھی سراہا، جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں کرکٹ شائقین کا جوش و خروش پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے لاکھوں پاکستانیوں کے دل خوشی اور فخر سے بھر دیے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں اہم ہیں۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی انگلینڈ کے خلاف اعصاب شکن مقابلے میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔
صدرِ مملکت نے شاداب خان کی سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی اہم شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم، حوصلے اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو یادگار کامیابی دلائی۔
آصف علی زرداری نے سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں شاندار کارکردگی پر پاکستانی کرکٹرز کو مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں :لیسکوکا بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع






