7

وقار یونس کا نوجوت سنگھ سدھو کے ’گولڈن ڈک‘ پر دلچسپ تبصرہ

(24 نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو 36 سال قبل پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے کے واقعے پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

وقار یونس نے حال ہی میں شبھنکر مشرا کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے 1990 میں شارجہ میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ کی یادیں تازہ کیں۔

اس موقع پر وقار یونس نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میرے خیال میں کپل شرما نے یہ بات سدھو کے ذہن میں بٹھا دی ہے۔ میں نے واقعی شارجہ میں سدھو کو پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کیا تھا، لیکن کپل نے اس واقعے کو اتنا اچھالا کہ یہ مستقل مذاق کا موضوع بن گیا۔

انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں اس بات کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے، کیونکہ زندگی میں ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ 27 اپریل 1990 کو شارجہ میں کھیلے گئے آسٹرل ایشیا کپ کے پاک بھارت مقابلے کا ہے۔ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 235 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے 61 رنز پر منوج پربھاکر کی وکٹ گنوائی، جس کے بعد نوجوت سنگھ سدھو میدان میں آئے، تاہم وقار یونس نے اپنی پہلی ہی گیند پر انہیں کلین بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا،سدھو کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے، جسے کرکٹ کی اصطلاح میں ’گولڈن ڈک‘ کہا جاتا ہے۔

اس میچ میں وقار یونس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان نے بھارت کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں ناکامی سے انگلینڈ بہت کچھ سیکھے گا:برینڈن میکلم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں