
(رانا آذر ، طاہر جمیل) قذافی سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل آج کھیلا جائیگا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے دوپہر شروع ہوگا۔
دوسری طرف قذافی سٹیڈیم میں فیصلہ کن میچ سے قبل تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ فائنل میچ سے قبل سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز کی صفائی اور دھلائی مکمل کر لی گئی ہے۔
شہریار عارف خان کے مطابق فائنل میچ کے دوران سٹیڈیم کی اندرونی اور بیرونی صفائی کے لیے 320 سے زائد صفائی ورکرز تعینات کیے گئے ہیں۔
جبکہ صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کے لیے 30 سے زائد سپروائزرز بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
مزید پڑھیں:پاک سری لنکا ٹرائی سیریزفائنل کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری
شائقین کرکٹ کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے پارکنگ ایریاز میں بھی صفائی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
سٹیڈیم کی واشنگ کے لیے 5 مکینیکل واشرز اور 3 منی ڈمپرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔
نشستوں کی ڈسٹنگ اور واش رومز کی صفائی و دھلائی کے لیے بھی خصوصی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے فائنل میں سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔
دونوں ٹیمیں بہترین کھیل پیش کریں گی اور شائقین کرکٹ کو ایک یادگار اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔






